دانیہ ملک کے خلاف کارروائی کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری

کراچی کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ جنوبی نے مرحوم رکن قومی اسمبلی، ٹی وی میزبان اور اسکالر عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کے خلاف سائبرکرائم ایکٹ کےتحت کارروائی کی درخواست پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا۔

کراچی کی ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ جنوبی میں عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کے خلاف سائبر کرائم ایکٹ کے تحت کارروائی سے متعلق دائر درخواست پرسماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم و دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 6 جولائی تک جواب طلب کرلیا۔

سماجی تنظیم نے دانیہ ملک کے خلاف سیشن عدالت میں درخواست دائر کر رکھی ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ دانیہ ملک نے عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیں، عدالت ایف آئی اے کو دانیہ کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

سماجی تنظیم کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر جمیل ورک کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ دانیہ ملک نے پوری دنیا میں پاکستان کی عورتوں کی عزت مجروح کی ہے، دانیہ کی حرکت کی وجہ سے پاکستانی عورتوں کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ معمولی تنازع پر شوہر کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے پر دانیہ ملک کو سزا ملنی چاہیے۔

واضح رہے کہ سیدہ دانیہ ملک اور مرحوم عامر لیاقت نے فروری 2022 میں شادی کی تھی اور محض تین ماہ بعد ہی دونوں نے ایک دوسرے پر شرمناک الزامات لگاکر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کا نامناسب مواد بھی شیئر کیا تھا۔

اس دوران عامر لیاقت حسین کی کچھ قابل اعتراض ویڈیوز وائرل ہوئی تھیں جن کے بارے میں اہلیہ دانیہ ملک نے دعویٰ کیا تھا کہ شوہر کی وائرل ہونے والی مبینہ برہنہ ویڈیوز انہوں نے نہیں، کسی تیسرے نے بنائیں اور انہیں بھی اس شخص نے ویڈیوز بھیجیں۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.