صرف 600 گرام وزنی بچہ، پیدائش کے پانچ ماہ بعد اسپتال سے صحتیاب

ابو ظبی: معمول کی مدتِ حمل سے 17 ماہ قبل دنیا میں آنکھ کھولنے والا بچہ پانچ ماہ اسپتال کے آئی سی یو میں رہنے کے بعد اب مکمل تندرست ہوکر اپنے گھر لوٹ گیا ہے۔ پیدائش کے وقت اس کا وزن 600 گرام (1.3پونڈ )اور جسامت شکر کے پیکٹ جتنی تھی۔ اس سال 20 مارچ کو پیدا ہونے والے عدل کا تعلق ابوظہبی سے ہے اوراسے دنات الامارات اسپتال برائے زچہ و بچہ کے آئی سی یو میں رکھا گیا تھا۔ تاہم پانچ ماہ کی مدت میں اسے جراحی کے دو آپریشن بھی جھیلنے پڑے۔ جب وہ اسپتال سے گیا تو اس کا وزن تقریباً چار کلوگرام اور صحت قابلِ رشک ہے۔ پیدائش کے وقت یہ بچہ بہت ہی نحیف، نرم اور چھوٹا تھا جس کے بچنے کا امکان بھی بہت کم تھا۔ڈاکٹر دعا المصری کے مطابق یہ ایک بہت کمیاب کیس ہے کیونکہ بچہ 23 ہفتوں میں اس دنیا میں آگیا اور عموما 10 سے 30 فیصد کیس ہی ایسے ہوتے ہیں۔ لیکن ہم نے امید نہیں ہاری اور فوری طور پر آئی سی یو منتقل کیا تاکہ اس کی جان بچائی جاسکے۔ اسے سی پی آر مراحل، وینٹی لیٹر اور ڈرپ کے ذریعے غذا دی گئی ہے۔ پیدائش کے گیارہ روز بعد اس کی آنت میں سوراخ کا انکشاف ہوا جس کے بعد فوری سرجری کی گئی اور متاثرہ حصوں کو الگ کیا گیا۔ بعد ازاں اسے ایک اور سرجری سے گزارا گیا۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.