کراچی: لیاری میں برساتی نالے پر غیرقانونی طورپر ٹاور بنایا جانے لگا، انتظامیہ خاموش

کراچی کے علاقے لیاری  کے لی مارکیٹ میں بلڈر مافیا قانون دھجیاں اڑاتے ہوئے برساتی نالے پر غیرقانونی طور پر عزیز ٹاور تعمیر کرنے لگا ۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جارہی ۔جبکہ پورے کراچی میں نالوں کے اوپر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کیا جارہا ہے  لیکن لی مارکیٹ پرندہ مارکیٹ کے سامنے نیپئر پولیس اسٹیشن ، اسسٹنٹ کمشنر گارڈن کی حدود میں برساتی نالے پر غیرقانونی  طور پر عزیزی ٹاور تعمیر کیا جارہا ہے جس کا کام تیزی سے چل رہا ہے  جبکہ یہ پراپرٹی کے ایم سی کے انڈر ہے ۔ سرکاری زمین پر بلڈر مافیا کی جانب سے غیرقانونی طور پر کروڑوں روپے کی لاگت سے عمارت تعمیر کی جارہی ہے ۔لیاری میں بلڈر مافیا کے خلاف کوئی بھی کارروائی کرنے والا نہیں ۔ لیاری کے عوام نے سپریم کورٹ آف پاکستان ، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ  لیار ی میں تعمیر ہونے والی غیرقانونی عمارت  کا نوٹس لیا جائے ، دوسری جانب لیاری عوامی محاذ  کے سیکریٹری جنرل خالق زردان نے عوامی آواز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی  اور انتظامیہ کی ملی بھگت سے  لیاری میں غیرقانونی تعمیرات سمیت چھوٹے چھوٹے پلاٹوں پر غیر قانونی بڑی بڑی عمارتیں تعمیر کی جارہی ہیں  جس کی وجہ سے لیاری میں پانی ،سیورج  اور گیس کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.