کراچی: تحفظات کےباوجود آرٹس کونسل انتخابات میں حصہ لیں گے، دی آرٹس فورم پینل

کراچی دی آرٹس فورم پینل کے عہدیداروں نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سالانہ اجلاس عام کے بائیکاٹ اور تمام تر تحفظات کے باوجود انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے ،دی آرٹس فورم پینل کے امیدوار برائے صدر نجم الدین شیخ ،نائب صدر مختار احمد بٹ ،سیکرٹری مبشر میر ،خازن سید ابن حسن اور جوائنٹ سیکرٹری قندیل جعفری نے کراچی پریس کلب میں  مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام تر تحفظات کے باوجود وہ جمہوری اقدارکے تقدس کے لیے آرٹس کونسل کراچی کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹس کونسل پر مسلط گروہ کو گزشتہ دس سال سے حکومت سندھ کی بھرپور سرپرستی حاصل ہے اور انتخابات میں انتظامیہ کی ایک گروپ کے لیے حمایت بھی واضح ہے ۔انہوں نے کہا کہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے انہوں نے عدالت عالیہ سے بھی رجوع کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس حوالے سے مثبت فیصلہ سامنے آئے گا ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ آرٹس فورم گروپ کے ممبران کو سکیورٹی فراہم کی جائے اورغیر جانبدارانہ سیٹ اپ کے تحت دسمبر میں منعقد ہونے والے الیکشن کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جائے دوسری جانب آرٹس کونسل کےصدراحمد شاہ کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کا جھوٹا پروپیگنڈہ ہے،اداروں کو گرانٹ تو سندھ حکومت ہی دے گی،جعلی میمبرشپ کی باتیں بھی بے بنیاد ہیں ، پچھلی بار بھی انہوں نے بائیکاٹ کیا تھا ، لیکن ان کو مایوسی ہوئی تھی ، یہ لوگ الیکشن سے بھاگنا چاہتےہیں ۔ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ۔۔یہ ممبرشپ کے حوالےسے آئینی پٹیشن ہارچکے ہیں

آرٹس کونسل کراچی کی گورننگ باڈی کے ممبرڈاکٹر ایوب شیخ کا کہنا تھا کہ ہرسال الیکشن سے 15 روزپہلے یہ گروپ جاگ جاتا ہے اور متنازعہ بیانات دینا شروع کرتا ہے اور باقی سال وہ خاموش رہتا ہے ،ڈاکٹر ایوب شیخ نے کہا کہ ان لوگوں کا یہی وطیرہ ہے ، ان کو اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ قانونی طور پرعدالت میں لیکرجائیں ،یہی لوگ نئی ممبرشپ کے خلاف ہیں کوئی ان سے پوچھے کہ وہ ایسا کیوں کررہے ہیں ۔

You might also like

Leave A Reply

Your email address will not be published.